شاہد آفریدی کا اعلان، سیلاب زدگان کیلئے نئے ویلج تعمیر ہوں گے
مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ ہیں، صدر ایف پی سی سی آئی
باتوں سے زیادہ عمل پر یقین رکھتا ہوں، شاہد خان آفریدی
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ):
سیلاب متاثرین کی بحالی اور مدد کے لیے فنڈز ریزنگ مہم کے تحت پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فلاحی شخصیت شاہد خان آفریدی نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ سیلاب نے خیبرپختونخوا، پنجاب اور دیگر کئی اضلاع میں بڑی تباہی مچائی ہے۔
"مشکل کی اس گھڑی میں ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہماری تمام تر توانائیاں اور وسائل سیلاب زدگان کی مدد کے لیے حاضر ہیں،" انہوں نے کہا۔شاہد خان آفریدی نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ وہ ہمیشہ باتوں سے زیادہ عمل کو ترجیح دیتے ہیں۔ "جو کام کرنا چاہتا ہے وہ بہانے نہیں بناتا بلکہ عملی قدم اٹھاتا ہے۔" انہوں نے کہا کہ وہ جس مٹی سے ہیں، اس کی خدمت کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ "یہ پورا پاکستان میرا ہے اور اس کے عوام کو جو سہولیات ملنی چاہئیں وہ تاحال نہیں مل رہیں۔"شاہد
آفریدی نے پاکستان میں صحت اور بنیادی سہولیات کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "میں نے اپنی آنکھوں سے ماؤں کو سڑکوں پر بچوں کو جنم دیتے دیکھا ہے، جو انتہائی تکلیف دہ منظر ہے۔ شہریوں کو صاف پانی میسر نہیں، کئی علاقوں میں انسان اور جانور ایک ہی جگہ سے پانی پیتے ہیں۔"انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پانی کی اصل قدر نہیں، "وہاں لوگ ایک مٹکے پانی
کے لیے دس کلومیٹر پیدل چلتے ہیں۔ سیلاب زدگان بھی ہمارے ہی لوگ اور ہمارے بھائی ہیں، اس لیے ہم سب کو ان کی خدمت کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔"شاہد آفریدی نے اعلان کیا کہ وہ ایف پی سی سی آئی کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کے لیے نئے "ویلج" تعمیر کریں گے تاکہ انہیں بہتر زندگی فراہم کی جا سکے۔