پشاور:
خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کے پھیلاؤ کی نگرانی کا عمل مشیر صحت احتشام علی کی ہدایت پر شروع کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت نے تمام اضلاع میں الرٹ جاری کرتے ہوئے 289 میڈیکل کیمپس قائم کیے ہیں، جن میں اب تک 5627 مریضوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ان کیمپس میں اب تک متعدی بیماریوں کے 380 کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں سب سے زیادہ کیسز سوات سے رپورٹ ہوئے۔ سوات میں سانس کی بیماری (ARI) میں مبتلا بچوں کی تعداد 105 ہے، جبکہ اسہال اور خون آلود دست کے 140 سے زائد کیسز بھی سامنے آ چکے ہیں۔
مزید برآں، خارش (scabies) کے متعدد مریض رپورٹ ہوئے ہیں اور ایبٹ آباد میں ملیریا کے دو کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق تاحال متعدی امراض سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، جو خوش آئند پہلو ہے۔
محکمہ صحت نے یہ بھی بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں 21 ہیلتھ فیسلٹیز کو جزوی نقصان پہنچا ہے، جبکہ ایک مرکز مکمل طور پر متاثر ہوا ہے۔ مشیر صحت احتشام علی نے کہا ہے کہ متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور انہیں بروقت طبی امداد اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔

