جھنگ( بیورو رپورٹ )ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی کی زیر صدارت منشیات کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ صحت، تعلیم، سوشل ویلفیئر، انفارمیشن، جیل ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ،این جی اوز کے عہدیداران اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں تعلیمی اداروں اور جیل ودیگر جگہوں پر منشیات کے استعمال کی روک تھام کیلئے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ اس حوالہ سے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کو مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی نے کہا کہ عملی اقدامات کی بدولت ہی ہم منشیات کی سپلائی کی روک تھام کر سکتے ہیں۔اس حوالہ سے محکمانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہر ہفتے منعقد ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منشیات کے خاتمے کیلئے تیار کئے گئے لائحہ عمل پر عملدرآمدپر تیز رفتار اقدامات کئے جائیں اور عوام میں منشیات کے نقصانات بارے شعور اور آگاہی دائرہ کار بڑھایا جائے اس ضمن میں معاشرے سے اس ناسور کے خاتمے کیلئے حکومت کی کوششوں میں علماءکرام اورسول سوسائٹی کو شامل رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی نے مزید کہا کہ منشیات کے استعمال کی روک تھام کیساتھ ساتھ اسکی رسد کو منقطع کرنے اور نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے بھی موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے نشے کے عادی افراد سے متعلق درست اعدادو و شمار اکٹھے کرنے اوراس حوالہ سے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
۔۔۔٭٭٭۔۔۔

