مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کے زیر اہتمام سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے بڑا امدادی قافلہ آج اسلام آباد سے روانہ کر دیا گیا
personcrp Pakistan
ستمبر 08, 2025
0
share
پریس ریلیز
مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کے زیر اہتمام سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے بڑا امدادی قافلہ آج اسلام آباد سے روانہ کر دیا گیا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد انعام الرحمان کمبوہ اور ڈویژنل صدر احسان اللہ منصور سمیت پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
صدر مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد انعام الرحمان کمبوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قافلہ ہزاروں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی پیکجز لے کر روانہ ہو رہا ہے۔ فیملی پیکج میں راشن، بستر، کچن سیٹ، گیس سلنڈر، اور ادویات شامل ہیں۔ یہ امدادی سامان بونیر، سوات، شانگلہ اور باجوڑ سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
انعام الرحمان کمبوہ نے کہا کہ 15 اگست کو بونیر میں آنے والے سیلاب کے بعد فوری طور پر امدادی ٹیمیں روانہ کی گئیں، جن میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف شامل تھا۔ ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی اور متاثرہ خاندانوں میں لاکھوں روپے نقد امداد تقسیم کی۔ انہوں نے کہا کہ آج روانہ ہونے والا یہ بڑا قافلہ چھٹا امدادی کارواں ہے جبکہ 6 ستمبر کو ایک اور بڑا امدادی قافلہ روانہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب ایک قومی سانحہ ہے، اور اس وقت قوم کو یکجا ہو کر متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنا ہوگا۔ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے کئی علاقے اس آفت سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مرکزی مسلم لیگ کا امدادی تسلسل اس وقت تک جاری رہے گا جب تک متاثرہ خاندان اپنے گھروں کو واپس نہ لوٹ جائیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل صدر مرکزی مسلم لیگ گجرات، احسان اللہ منصور نے کہا کہ گجرات ڈویژن کے تینوں اضلاع میں سیلاب نے تباہی مچائی۔ وزیر آباد سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے، جہاں پانی کی سطح 5 سے 9 فٹ تک رہی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر آباد کے دیہی علاقوں میں کشتی سروس فراہم کی گئی اور سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ جلال پور جٹہ اور کٹا سائیڈ میں کھڑی فصلیں اور مویشی شدید متاثر ہوئے، جبکہ منڈی بہاؤالدین میں گھروں کے اندر پانی داخل ہونے سے مزید نقصان ہوا۔
احسان اللہ منصور نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں پکا ہوا کھانا اور میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں جبکہ پانی کا ریلا حافظ آباد اور قصور کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آئندہ 3 سے 5 دنوں میں سندھ کے متاثر ہونے کا بھی امکان ہے۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ریسکیو ٹیموں سے وابستہ ہوں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ کے ریسکیو سینٹرز پورے سال فعال رہیں گے، تاکہ ہر بحران میں عوام کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی بحالی تک ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔