چوہدری ریاض کی بطور کمشنر بوائے اسکاوٹس تقرری قابلِ تحسین اقدام ہے، سردار ذوالفقار علی خان
personcrp Pakistan
ستمبر 04, 2025
0
share
کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر سندھ زون کے سینئر رہنما سردار ذوالفقار علی خان نے کہا ہے کہ سینئر رہنما پیپلزپارٹی چوہدری ریاض کو کمشنر بوائے اسکاوٹس تعینات کرنا ایک قابلِ تحسین اور بروقت اقدام ہے۔ ان کی تعیناتی سے اسکاوٹس کو درپیش مسائل حل ہوں گے اور ان کی مشکلات میں کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسکاوٹس ہمیشہ ملکی خدمات میں پیش پیش رہے ہیں، ہر مشکل وقت میں ان کا کردار مثالی رہا ہے۔ چوہدری ریاض کی تعیناتی سے کارکنوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، اور امید ہے کہ وہ حسبِ سابق اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں گے۔
سردار ذوالفقار علی خان نے پیپلزپارٹی آزادکشمیر کراچی ڈویژن کے نومنتخب عہدیداران کو بھی دلی مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ نئی قیادت پارٹی کو مزید مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ قیادت تحریکِ آزادی کشمیر، کراچی میں موجود کشمیری کمیونٹی، اور عام آدمی کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی تاریخ قربانیوں اور جدوجہد سے بھری ہوئی ہے۔ اس جماعت نے ہمیشہ جمہوریت کے فروغ، ریاست کے استحکام، اور عوامی خوشحالی کے لیے قربانیاں دی ہیں۔
آزاد کشمیر کی موجودہ صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے سردار ذوالفقار علی خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ عام آدمی کے مسائل حل کرنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔ انہوں نے عوامی ایکشن کمیٹی کو بھی آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کرنے کا مشورہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور ایکشن کمیٹی دونوں کو احتیاط اور تدبر سے کام لینا چاہیے اور عوام کے جائز مطالبات کو پورا کیا جانا چاہیے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاسی جماعتوں کے کردار کو محدود نہ کیا جائے، نظام کو نظام کے اندر رہ کر درست کرنا چاہیے۔ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ ناقابلِ تقسیم اور مضبوط ہے۔