ڈنہ آوائن کی جدی زمین پر جعل سازی اور قبضہ مافیا کی سرگرمیاں، جاوید اقبال عباسی کا الزام راولپنڈی
personcrp Pakistan
ستمبر 20, 2025
0
share
/مری (خصوصی نمائندہ) اورسیز شہری و لمبردار جاوید اقبال عباسی نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی جدی زمین اور موضع ڈنہ آوائن کی شاملات میں پٹواریوں کی ملی بھگت سے غیر قانونی اندراجات اور نوتوڑ کیے گئے، جس کے نتیجے میں اصل مالکان اپنی زمینوں سے محروم ہو گئے جبکہ قبضہ مافیا نے انہی جعلی ریکارڈز کی بنیاد پر کروڑوں روپے کے فوائد حاصل کیے۔
انہوں نے کہا کہ واجب الرض کی کاپی کے مطابق مسیاڑی سے سلکھیتر تک کی شاملات مقامی لوگوں کی ملکیت ہے اور یہ ریکارڈ بحریہ ٹاؤن سلکھیتر کیس میں بھی پیش کیا جا چکا ہے، جس میں صاف لکھا ہے کہ 1,211 ایکڑ شاملات سلکھیتر کے لوگوں کی ہیں۔ ان کا سوال ہے کہ 1886 میں ڈنہ آوائن سے حکومت کو دی گئی زمین کا اصل رقبہ آج تک کیوں واضح نہیں کیا گیا؟ جاوید اقبال عباسی کے مطابق کھیوٹ نمبر 40 اور 56 میں 1905 کے بعد نوتوڑ کیے گئے۔ کھیوٹ نمبر 40 کا کل رقبہ 1,228 کنال تھا لیکن آج صرف 377 کنال کا ریکارڈ موجود ہے، باقی زمین غائب کر دی گئی اور غیر متعلقہ افراد کے نام منتقل کر دی گئی۔ انہی جعلی اندراجات پر بعض افراد نے زمین کو رہن رکھ کر مختلف بینکوں سے بھاری قرضے بھی حاصل کیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ غلط اندراجات کی وجہ سے گاؤں کے کئی خاندان اپنی جدی زمین سے محروم ہو گئے ہیں، حتیٰ کہ پتی ہست خان کو مکمل طور پر ریکارڈ سے خارج کر دیا گیا، جس کے وارث آج انگلینڈ میں مقیم ہیں۔ اسی زمین پر کالسنگڑا کے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں اور لاکھوں روپے مالیت کے درخت کاٹے جا چکے ہیں۔ جاوید اقبال عباسی کا کہنا تھا کہ کھیوٹ نمبر 56 کو درست نوتوڑ کے بعد کھیوٹ نمبر 103 بنایا گیا، جو ان کے والد محمد یوسف کی جدی ملکیت ہے۔ اس پر 1976 اور 2011 میں عدالت سے ڈگریاں بھی مل چکی ہیں مگر تاحال عمل درآمد نہیں ہوا اور آج اسی رقبے پر غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز قائم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کی 2010 کی رپورٹ میں تسلیم کیا گیا کہ مکمل ریکارڈ موجود نہیں، اس کے باوجود رپورٹ تیار کی گئی، جس سے سوال اٹھتا ہے کہ یہ رپورٹ کس بنیاد پر بنائی گئی؟ ان کا الزام ہے کہ چند روز قبل پولیس کو جھوٹی درخواست دے کر ان کے کزن صادق کو تھانے طلب کیا گیا اور الزام لگایا گیا کہ اس نے زمین سے پکٹ اتاری ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ پولیس کو قانون کے مطابق صادق کو درخواست کی کاپی فراہم کرنی چاہیے تاکہ وہ اپنے دفاع میں مؤقف پیش کر سکے۔ جاوید اقبال عباسی نے صدر پاکستان، وزیراعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈنہ آوائن کی جدی زمین کا ریکارڈ درست کیا جائے، غیر قانونی تعمیرات اور جنگلات کی کٹائی روکی جائے اور قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کر کے اصل مالکان کو ان کا حق واپس دلایا جائے تاکہ اورسیز پاکستانیوں کو بھی انصاف مل سکے۔