وژن پاکستان 2030 کا اعلان، شاہد آفریدی برانڈ ایمبیسڈر مقرر، نوجوانوں کو خود کفیل بنانے کا عزم
personcrp Pakistan
ستمبر 24, 2025
0
share
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) میر گروپ کے چیئرمین شکیل احمد میر نے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ’’وژن پاکستان 2030‘‘ منصوبے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ اس موقع پر شاہد خان آفریدی کو منصوبے کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا گیا، جو قومی کاز کی تکمیل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شکیل احمد میر کا کہنا تھا کہ وژن پاکستان 2030 کوئی روایتی منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے اور ملک کو اقتصادی ترقی کی نئی سمت دینے کا ایک جامع اور ہمہ جہت پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت صرف ہمدردی کا نہیں، بلکہ عملی اقدامات کا ہے، خاص طور پر حالیہ سیلاب میں متاثرہ نوجوانوں کو خود کفیل بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
شاہد خان آفریدی نے منصوبے کو قوم کے لیے ایک نئی امید قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، ٹیکنالوجی، سیاحت اور روزگار کی فراہمی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے پاکستان کو ترقی کی نئی راہوں پر ڈالا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت، پرائیویٹ سیکٹر اور عوام مل کر چلیں تو پاکستان چند سالوں میں نمایاں ترقی کر سکتا ہے۔
نوجوانوں کو بااختیار بنانا – فری آن لائن پلیٹ فارم، جدید ٹیکنالوجی، AI، اور ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت، جس کے تحت 2030 تک 1 کروڑ نوجوانوں کو تربیت دینے کا ہدف ہے۔پائیدار سیاحت اور سستی ہاؤسنگ – شمالی علاقہ جات میں 21 سروسڈ اپارٹمنٹ ٹاورز کی تعمیر، ملک بھر میں سسٹین ایبل ہاؤسنگ، اور مستقبل میں اسمارٹ سٹیز کی بنیاد۔مقامی کاروباروں کا فروغ – آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے مقامی کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو جوڑنا، اور ملک کے بڑے شہروں میں فزیکل بزنس ہبز قائم کرنا۔
چیئرمین میر گروپ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، لیکن بدقسمتی سے بڑی تعداد میں نوجوان تعلیم حاصل کرنے کے باوجود بے روزگار ہیں۔ وژن پاکستان 2030 ایسے ہی نوجوانوں کو مہارتیں دے کر روزگار تخلیق کرنے والے افراد میں بدلنے کا خواب ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ صرف ایک ادارے کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا وژن ہے، جو اربوں ڈالرز کی معاشی ویلیو رکھتا ہے اور پاکستان کو عالمی مارکیٹ میں نئی پہچان دلانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔