اسلام آباد: روات ٹی چوک پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے پولیس اہلکار شہید، ایک زخمی
personcrp Pakistan
ستمبر 01, 2025
0
share
اسلام آباد (نامہ نگار) — وفاقی دارالحکومت کے مصروف علاقے روات ٹی چوک کے قریب سنیپ چیکنگ کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار کار نے اسلام آباد پولیس کی ناکہ پر کھڑی موبائل وین کو زور دار ٹکر مار دی۔
حادثے کے نتیجے میں پولیس ڈرائیور تحسین موقع پر ہی شہید ہو گیا، جبکہ پولیس اہلکار چوہدری ساجد محمود شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس ٹیم معمول کی چیکنگ میں مصروف تھی۔ اچانک ایک تیز رفتار کار نے قابو کھو دیا اور پولیس وین سے ٹکرا گئی۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ کار ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
وفاقی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزم کی تلاش جاری ہے۔ قریبی سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے کار کی شناخت اور ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
شہید پولیس اہلکار تحسین کو ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے، اور ان کے لواحقین کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان متوقع ہے۔