امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر کی نیو جرسی میں یومِ پاکستان پریڈ میں شرکت
personcrp Pakistan
اگست 26, 2025
0
share
نیویارک، 25 اگست 2025
امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے نیو جرسی میں منعقدہ یومِ پاکستان پریڈ میں شرکت کی۔ اس تقریب کا اہتمام پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی نے کیا تھا، جس میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی بھرپور شرکت کی۔
پریڈ میں پاکستان کی ثقافت، روایتی کھانوں اور ہنرمندیوں کی نمائندگی کرنے والے خوبصورت اسٹالز لگائے گئے تھے، جنہوں نے حاضرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ پاکستانی گلوکاروں کی جانب سے پیش کیے گئے قومی نغمے شرکاء کے جذبے کو مزید بلند کرتے رہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر رضوان شیخ نے یومِ آزادی کو قومی تاریخ کا ایک شاندار باب قرار دیا اور کہا کہ یہ دن قربانیوں، آزادی اور خودمختاری کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان کی “بنیان المرسوس” میں کامیابی نے قومی فخر کو مزید تقویت دی ہے اور پوری قوم کو ایک نئے جذبے سے متحد کیا ہے۔
انہوں نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی سماجی، اقتصادی اور تعلیمی شعبوں میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ امریکہ کے لیے بھی قابلِ قدر سرمایہ ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کمیونٹی امریکی معاشرے میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتی رہے۔
سفیر نے پاکستانی آئس ہاکی ٹیم کی Amerigol Latam Ice Hockey Tournament میں شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان ہر میدان میں عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔یہ تقریب پاکستان اور اوورسیز پاکستانیوں کے درمیان گہرے رشتوں، ثقافتی تعلق اور باہمی تعاون کے جذبے کو مزید فروغ دینے کا ذریعہ بنی۔