google.com, pub-7579285644439736, DIRECT, f08c47fec0942fa0 400 پنشنرز گزشتہ تین سال سے پنشن واجبات سے محروم دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور

400 پنشنرز گزشتہ تین سال سے پنشن واجبات سے محروم دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور

0

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی):

آل پاکستان پی ٹی وی پنشنرز اتحاد کے فوکل پرسن محمد اشرف کی قیادت میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے پی ٹی وی کے ریٹائرڈ ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پریس کانفرنس میں حکومت اور پی ٹی وی انتظامیہ کی جانب سے پنشنرز کے ساتھ روا رکھے گئے ناروا سلوک، ادارے میں جاری کرپشن اور مستقبل کے احتجاجی اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی اپنے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن اور واجبات جیسا بنیادی حق دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، جب کہ دوسری طرف ادارے میں کروڑوں روپے کی مالی بدعنوانی، وسائل کا ناجائز استعمال، غیر قانونی بھرتیاں اور من پسند کنٹریکٹس سے قومی خزانے کو مسلسل نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ادارے میں کرپشن کے ٹھوس اور دستاویزی ثبوت موجود ہیں، جنہیں جلد نیب، ایف آئی اے اور آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو فراہم کیا جائے گا تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔محمد اشرف، عصمت اللہ نیازی، پرویز اختر بھٹی، ظفراللہ خان اور دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی میں سابق اور موجودہ افسران کی ملی بھگت سے پروگراموں کی خریداری، کنٹریکٹ اپوائنٹمنٹس اور بجٹ کی تقسیم میں سنگین مالی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔ یہ وہی ادارہ ہے جو کبھی قومی شناخت کی علامت تھا، آج بدانتظامی، اقربا پروری اور کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے۔


انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ وہ ملازمین جنہوں نے اپنی زندگی کے 30 سے 35 قیمتی سال اس ادارے کو دیے، آج اپنی پنشن کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ ان کے انتقال کے بعد ان کی بیوائیں، یتیم بچے اور دیگر قانونی وارثین بھی واجبات کی بروقت ادائیگی سے محروم ہیں، جس کے باعث ان خاندانوں کو شدید مالی اور ذہنی تکالیف کا سامنا ہے۔

رہنماؤں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مالی سال 2024-25 اور 2025-26 کے بجٹ میں پی ٹی وی پنشنرز کے واجبات اور پنشن کے لیے باقاعدہ فنڈ مختص کیا جائے تاکہ بروقت ادائیگیاں ممکن ہو سکیں اور مزید تاخیر سے بچا جا سکے۔ ان کے مطابق پی ٹی وی کے کم از کم 400 ریٹائرڈ ملازمین کئی سال سے مکمل طور پر پنشن سے محروم چلے آ رہے ہیں، جن کی فوری بحالی اور واجبات کی ادائیگی ناگزیر ہے۔


پریس کانفرنس میں اس موقف کا اعادہ کیا گیا کہ ماہانہ 35 روپے کی پی ٹی وی فیس ختم نہ کی جائے۔ انہوں نے فیس کے خاتمے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ فیس بند کی گئی تو ادارہ شدید مالی بحران کا شکار ہو جائے گا، جس کا براہِ راست نقصان پنشنرز اور موجودہ ملازمین کو ہوگا۔ ان کے مطابق یہ فیس ادارے کی بقا، مالی استحکام اور پنشن کی ادائیگی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ اصلاحات کی ضرورت ضرور ہے، مگر حل فیس ختم کرنا نہیں بلکہ ادارے سے کرپشن اور بدانتظامی کا خاتمہ ہے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر صدر محمد اشرف نے اعلان کیا کہ اگر حکومت اور پی ٹی وی انتظامیہ نے پنشنرز کے مطالبات کو فوری طور پر تسلیم نہ کیا تو آل پاکستان پی ٹی وی پنشنرز اتحاد اسلام آباد میں بھرپور اور پُرامن احتجاج کا آغاز کرے گا، اور اس کے تمام تر نتائج کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ انہوں نے وزیراعظم، وفاقی وزیر اطلاعات، سیکرٹری اطلاعات اور ایم ڈی پی ٹی وی سے اپیل کی کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان ریٹائرڈ بزرگ ملازمین کے مسائل فوری حل کریں تاکہ یہ بزرگ شہری اپنی زندگی کے آخری ایام مالی اذیت میں نہ گزاریں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں (0)

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !