اسلام آباد ( سدھیر کیانی)جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے صدر و ممبر اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان نے کہا ہے کہ غازی ملت کے حوالے سے حامد میر کے الزامات باعث افسوس ہیں ایک سینئر صحافی کو بغیر تحقیق کے ایسے الزامات لگانا کسی لحاظ سے زیب نہیں دیتا ہم غازی ملت پر لگاے گے الزامات کی پرزور مذمت کرتے ہیں، حامد میر کا یہ کہنا کہ کراچی کے معاہدے پر سردار ابراہیم کی جگہ کسی دوسرے فرد نے دستخط کردئیے تھے سراسر جھوٹ اور بہتان ہے ،حامد میر ابھی پیدا نہیں ہوئے تھے ،غازی ملت سیاست میں ایک قائدانہ کردار ادا کرتے رہے تھے ، انہوں نےان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں سیکرٹری اطلاعات سردار خادم حسین طاہرو دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ حامد میر کشمیری قیادت کے بارے میں ہرزہ سرائی سے گریز کریں، حامد میر نے گزشتہ دنوں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب میں غازی ملت کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے الزامات لگائے اورایسے لوگوں کے درمیان کھڑے ہوکر بات کی ہے
جو پاکستان کو تسلیم ہی نہیں کرتے ،سردار حس ابراہیم نے کہا کہ لگتا یہ ہے کہ ایک سازش کے تحت منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے اور غازی ملت کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے جو ہمارے لیے ناقابل برداشت ہے ،حامد میر کے پاس کوئی شواہدہیں تو وہ لے کر آئیں اور ہمیں بتائیں، ہم نے اپنے شواہد پریس کے سامنے پیش کردئیے ہیں ،بغیر سوچے سمجھے اس طرح کی بات کرنا لمحہ فکریہ ہیں، انہوں نے کہا کہ غازی ملت سردار ابراہیم خان کی پوری زندگی روز روشن کی طرح عیاں ہے سردار حسن براہیم نے کہا کہ ایک سینئرصحافی کی طرف سے بغیر تحقیق اور علم کےآزاد خطہ کی ایک بڑی شخصیت جو بانی صدرآزاد کشمیر ہیںپر الزام لگانا کسی طور درست رویہ نہیں ہے بلکہ یہ سوچ اور یہ اقدام قابل مذمت ہے، غازی ملت ایک منجھے ہوئے سیاست دان تھے جنہوں نے اپنی ساری زندگی صاف و شفاف سیاست کرتے ہوئے گزاری ہے اور وہ کھری بات کرتے تھے، اس لیے میں بحیثیت صدر جموں و کشمیر پیپلز پارٹی جس کی بنیاد خود غازی ملت نے رکھی تھی اور غازی ملت کے پوتے کی حیثیت سے حامد میر کے الزامات کو مسترد کرتا ہوں، اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کو غازی ملت کے دستخط شدہ معاہدہ کراچی کی کاپی بھی پیش کی۔

