راولپنڈی 14اکتوبر(چوہدری گلزار سے) راولپنڈی کینٹ کے علاقہ ڈھوک سیداں چوک میں ٹریفک پولیس کی لاپروہی اور پشہ وارانہ ٖغفلت کے باعث بدترین ٹریفک جام معمول بن گیا،گھنٹوں ٹریفک جام کی وجہ سے شہریوں شدید زہنی ازیت کا شکار ہونے لگے،ٹریفک کی بحالی کے لئے علاقے کے نوجوان وارڈن کے فرائض سرانجام دینے لگے،ڈیوٹی پر معمور اہلکار اپنی کارکردگی دکھانے کے لئے دیہاڑی دار سوزوکی ڈرائیورز کو چالان اور بھاری جرمانے کے ٹکٹ جاری کرنے
میں مصروف دکھائی دینے لگے،علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک اہلکاروں کا قبلہ درست کرنے کا مطالبہ کردیا۔اس حوالے سے راولپنڈی نیوز نیٹ کے سروے میں ڈھوک سیداں کے تاجر راہنما عقیل خان نے بتایا ہے کہ ٹریفک انسپکٹر ابتسام شاہ روزانہ کینٹ کے مختلف مقامات پر کھڑا ہوکر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کی بجائے غریب ٹیکسی و سوزوکی ڈارئیورز کو بھاری جرمانے کے ٹکٹ جاری کرتا ہوا نظر آتا ہے اور ٹریفک شدید جام ہونے کی باجود ٹریفک کو رواں نہیں کیا جاتا۔
دریں اثناء ملک تاج خان نے بتایا کہ موصوٖف کبھی 22نمبر چوک میں کھڑے ہوتے اور کبھی ڈھوک سیداں چوک میں گاڑیوں کو چالان کرتے نظر آتے ہیں اور جب کو ئی منت سماجت کرے تو اس کی گاڑی تھانے میں بند کرنے کی دھمکیاں دے کر حراساں کیا جاتا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بکرا منڈی چوک کے قریب ہر اتوار کو موٹرسائیکلز کی خرید وفروخت کا بازار لگا ہوتا اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکار موصوف انسپکٹر کی نگرانی میں لوگوں کو چالان جاری کر رہے ہوتے ہیں مگر نہ تو غیر قانونی اتوار بازار کو ختم کیا جاتا ہے اور نہ ہوٹریفک کو رواں رکھا جاتا ہے۔علاقہ مکینوں نے چیف ٹریفک آفیسر نوید ارشاد سے مطالبہ کیا ہے کہ راولپنڈی کینٹ کی مصروف ترین سڑک پر ٹریفک کے سنگین مسئلہ کو حل کرنے کے لئے فرائض میں کوتاہی نہ برتنے والے انسپکٹر اور اہلکاروں کو تعینات کیا جائے اور پیشہ وارانہ فرائض میں غفلت والے افسران کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے۔




